میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ WhatsApp اپنے صارفین کے لیے چیٹ بیک اپ کے نظام میں ایک بڑی تبدیلی لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ نئے فیچر کے تحت صارفین کو اپنی چیٹس محفوظ کرنے کے لیے کمپنی کا اپنا کلاؤڈ اسٹوریج بھی دستیاب ہوگا، جو موجودہ گوگل ڈرائیو اور آئی کلاؤڈ کے متبادل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق WABetaInfo نے انکشاف کیا ہے کہ یہ نیا فیچر اس وقت اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی چیٹس کو WhatsApp کے انکرپٹڈ کلاؤڈ میں محفوظ کر سکیں گے، جس تک واٹس ایپ سمیت کوئی بھی رسائی حاصل نہیں کر سکے گا۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اس وقت چیٹ بیک اپ کے دو آپشنز ہوں گے: گوگل ڈرائیو اور واٹس ایپ کا اپنا کلاؤڈ اسٹوریج، جس میں ابتدائی طور پر 2 جی بی مفت اسٹوریج دیے جانے کا امکان ہے۔
واٹس ایپ میں پہلے ہی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن چیٹس کے لیے موجود ہے، تاہم بیک اپ کے لیے صارفین کو اسے دستی طور پر فعال کرنا ہوتا ہے۔ نئے سسٹم میں کمپنی کا کلاؤڈ بیک اپ خودکار طور پر انکرپٹڈ ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی ایک اضافی پلان پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت 50 جی بی اسٹوریج تقریباً 1 ڈالر ماہانہ میں فراہم کی جا سکتی ہے۔ تاہم یہ فیچر ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔








