پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان سنسنی خیز سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس کے تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 4، 6 اور 9 مئی کو ہوں گے، جبکہ اس کے بعد تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 12، 14 اور 15 مئی کو منعقد کی جائے گی۔
پاکستان پہنچنے پر مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک اور گلدستے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے درمیان دوستانہ ماحول دیکھنے میں آیا۔
سیریز کے لیے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کی قیادت فاطمہ ثناء کر رہی ہیں۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، منیبہ علی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین شامل ہیں۔
دوسری جانب سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہیں۔ دونوں ٹیمیں جمعرات کو اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گی۔
شائقین کرکٹ کو اس سیریز میں سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے، جہاں نوجوان ٹیلنٹ اور تجربہ کار کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گی۔









