بیجنگ: چین کے صوبہ ژجیانگ میں ایک غیر معمولی طبی واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص دل کی دھڑکن بند ہونے کے 40 گھنٹے بعد دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آیا۔
ہسپتال آف ژجیانگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے ایمرجنسی ڈاکٹر لیو شیاؤ کے مطابق 40 سالہ مریض کو کارڈیک اریسٹ کا سامنا ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر برقی جھٹکوں کے ذریعے دل کی دھڑکن بحال کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
طبی ٹیم نے اس کے بعد ایک جدید مشین ایکسٹرا کورپوریل ممبرین آکسیجینیشن (ECMO) استعمال کی، جو مصنوعی دل اور پھیپھڑوں کی طرح خون کو آکسیجن فراہم کرتی ہے۔ اسی سسٹم کی مدد سے مریض کی زندگی برقرار رکھی گئی، جبکہ اس کا دل تقریباً دو دن تک بند رہا۔
ڈاکٹرز کے مطابق علاج کے دوران خون جمنے (بلڈ کلاٹ) سے بچاؤ کے لیے انتہائی احتیاط برتی گئی اور مسلسل نگرانی کی گئی۔ دل کی بحالی کے بعد بھی مریض کو 10 روز تک اسی مشین پر رکھا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 دن کے علاج کے بعد مریض کی حالت بہتر ہو گئی اور وہ خود چل کر اسپتال سے گھر روانہ ہوا۔
ڈاکٹر لیو شیاؤ نے اس واقعے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کیسز بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں اور مریض کی بحالی ایک طرح سے طبی معجزہ ہے۔









