68

تھائی لینڈ میں نوجوان نے بوریت دور کرنے کیلئے جنگل میں آگ لگا دی

صوبہ پھتسانولک کے کینگ ہٹ اوئی جنگل میں رینجرز نے 22 سالہ نوجوان کو مشکوک حالت میں گرفتار کر لیا، جس پر بار بار جنگل میں آگ لگانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔

حکام کے مطابق ملزم، جس کی شناخت مٹینا کے نام سے ہوئی ہے، کو پوچھ گچھ کے دوران پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں اس نے جنگل میں آگ لگانے کا اعتراف کر لیا۔

پولیس کے مطابق نوجوان نے بیان دیا کہ اس نے یہ اقدام صرف “بوریت دور کرنے” اور تفریح کے لیے کیا تھا، اور اس کا مقصد صرف آگ بجھانے کی کارروائی دیکھنا تھا۔

رینجرز نے ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اس کے خلاف قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ملزم اس وقت زیرِ حراست ہے جبکہ سزا کے تعین کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔ تھائی لینڈ پہلے ہی جنگلاتی آگ کے متعدد واقعات کا سامنا کر رہا ہے، تاہم یہ اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔