76

گوگل میپس کا بڑا اپڈیٹ، تین جدید اے آئی فیچرز صارفین کیلے پیش

Google نے اپنی مقبول ترین نیوی گیشن سروس Google Maps میں جدید جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا اعلان لاس ویگاس میں ہونے والے ایک خصوصی ایونٹ کے دوران کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق ان نئے فیچرز سے نہ صرف میپس کی ویژول پاور میں اضافہ ہوگا بلکہ ڈیٹا اینالیٹکس کی صلاحیت بھی پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہو جائے گی۔

نئے فیچرز میں شامل Maps Imagery Grounding خاص طور پر کاروباری اداروں کیلئے مفید ثابت ہوگا، جس کے ذریعے کمپنیاں حقیقت سے قریب تر ویژول امیجز تیار کرکے یہ دیکھ سکیں گی کہ ان کے منصوبے کسی مخصوص مقام پر کیسے نظر آئیں گے۔ اس مقصد کیلئے صارفین کو Gemini انٹرپرائز ایجنٹ میں اپنے پراجیکٹ سے متعلق پروموٹ درج کرنا ہوگا، جس کے بعد چند سیکنڈز میں مکمل اسٹوری بورڈ تیار کیا جا سکے گا۔

اسی طرح Google Earth میں بھی نمایاں اپڈیٹ کی گئی ہے۔ نئے Aerial & Satellites فیچر کے ذریعے صارفین سیٹلائٹ امیجز کا جدید انداز میں تجزیہ کر سکیں گے، جو Google Cloud میں محفوظ ہوں گی۔

مزید برآں، کمپنی نے دو نئے ارتھ AI امیجری ماڈلز بھی متعارف کرائے ہیں، جنہیں تصاویر میں پلوں، سڑکوں اور بجلی کی تاروں جیسی مخصوص اشیا کی شناخت کیلئے تربیت دی گئی ہے۔ ان ماڈلز کی مدد سے صارفین کو اب اپنی مصنوعات کیلئے ازسرنو AI ماڈل تیار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ماہرین کے مطابق یہ فیچرز تعمیرات، شہری منصوبہ بندی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انقلاب لا سکتے ہیں۔