شمالی کوریا نے آج ایک بار پھر متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق یہ میزائل شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی شہر سنپو کے قریب صبح 6 بج کر 10 منٹ پر فائر کیے گئے اور تقریباً 140 کلومیٹر تک پرواز کے بعد سمندر میں گرے۔
رپورٹس کے مطابق یہ شمالی کوریا کا رواں ماہ چوتھا اور سال کا ساتواں میزائل تجربہ ہے۔ جاپانی حکومت نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب گرے۔
میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر بلیو ہاؤس نے ہنگامی سکیورٹی اجلاس طلب کیا اور ان تجربات کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائر کیے گئے میزائل کس نوعیت کے تھے، تاہم سنپو وہ مقام ہے جہاں آبدوزیں اور آبدوز سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے تجرباتی نظام موجود ہیں۔









