65

ایپل کی جانب سے پہلی اسمارٹ گلاسز ڈیوائس کی تیاری کے اشارے سامنے آ گئے

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل، جو آئی فون، آئی پیڈ اور میک کمپیوٹرز کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے، اب ایک نئی ڈیوائس یعنی اسمارٹ گلاسز پر کام کر رہی ہے۔

ایپل کے دو سینئر عہدیداران، ورلڈ وائیڈ مارکیٹنگ کے نائب صدر گریگ جوزویک اور ہارڈویئر ڈویژن کے نائب صدر جان ٹرنس نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا عندیہ دیا کہ اسمارٹ گلاسز مستقبل کی “ناگزیر ٹیکنالوجی” ہوں گے، تاہم انہوں نے کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایپل کی جانب سے اسمارٹ گلاسز کے منصوبے پر عوامی سطح پر واضح اشارہ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل اس حوالے سے صرف افواہیں اور لیک رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اپنی اس ڈیوائس کو میٹا رے بین اسمارٹ گلاسز کے مقابلے میں لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا اندرونی کوڈ نیم “N50” بتایا جا رہا ہے۔ مبینہ طور پر اس گلاسز کی چار مختلف ڈیزائن اسٹائلز پر آزمائش جاری ہے۔

مزید رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل ایک خاص چپ پر بھی کام کر رہا ہے جو ان اسمارٹ گلاسز کو پاور فراہم کرے گی، اور امکان ہے کہ اس ڈیوائس کی پروڈکشن 2027 کے آخر تک شروع ہو سکتی ہے۔

یہ گلاسز مکمل طور پر آرٹیفیشل رئیلٹی (AR) نہیں ہوں گے بلکہ ابتدائی طور پر ایسے فیچرز پر مشتمل ہوں گے جو کیمروں کے ذریعے ماحول کو اسکین کر کے AI بیسڈ معاونت فراہم کریں گے۔

ایپل کے سی ای او ٹم کک مبینہ طور پر اسمارٹ گلاسز مارکیٹ میں میٹا کو سخت مقابلہ دینا چاہتے ہیں، اسی لیے کمپنی مختلف ماڈلز اور نسبتاً کم قیمت آپشنز پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ زیادہ صارفین کو متوجہ کیا جا سکے۔