چین میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں شوہر کی مبینہ بے وفائی کے شک میں ایک خاتون چلتے ہوئے ٹرک کے پیچھے لٹک گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبے سنکیانگ کے علاقے مارالبی شی میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے پک اپ ٹرک کے پیچھے لٹکا ہوا دیکھا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب راہگیروں نے ٹریفک پولیس کو اطلاع دی۔
ویڈیوز میں خاتون کو گاڑی کے پچھلے حصے سے چمٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کو شبہ تھا کہ اس کا شوہر کسی اور تعلق میں ملوث ہے، جس کے باعث اس نے گاڑی کے پیچھے لٹکنے کا خطرناک اقدام کیا۔
حکام نے بتایا کہ اگر گاڑی تیز رفتاری سے چلتی یا راستہ خراب ہوتا تو یہ واقعہ جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔
پولیس کے مطابق شوہر کو لاپرواہی برتنے پر 200 یوان جرمانہ اور ڈرائیونگ ریکارڈ سے 3 پوائنٹس کی کٹوتی کی گئی، کیونکہ اس نے گاڑی روانہ کرنے سے قبل مناسب احتیاط نہیں کی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، جبکہ حکام نے اسے بطور مثال پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے نہ کہ خطرناک اقدامات سے۔









