85

انسٹاگرام کا کم عمر صارفین کے لیے نیا فیچر، حساس اور +13 مواد پر عالمی سطح پر پابندی کی تیاری

واشنگٹن: فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ وہ کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے +13 ریٹنگ والے مواد کو مختلف ممالک میں محدود کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

جمعرات کے روز کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ پالیسی آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں نافذ کی جائے گی، جس کے تحت کم عمر صارفین کو حساس یا نامناسب مواد تک رسائی سے روکا جائے گا۔

انسٹاگرام کے مطابق ان گائیڈ لائنز کا اطلاق عالمی سطح پر کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس پر کیا جا رہا ہے تاکہ آن لائن محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

میٹا کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ نیو میکسیکو اور لاس اینجلس کی عدالتوں میں کمپنی کو نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

کمپنی نے اس حوالے سے ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے جسے ’لمیٹڈ کنٹینٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت سخت فلٹرز نافذ کیے جائیں گے، جن کے ذریعے کم عمر صارفین نہ حساس مواد دیکھ سکیں گے، نہ اس پر تبصرہ کر سکیں گے اور نہ ہی ایسے تبصرے وصول کر سکیں گے۔