لاہور قلندرز کو پی ایس ایل میں بڑا دھچکا لگ گیا ہے، جہاں ٹیم کے اہم غیر ملکی وکٹ کیپر بیٹر پرویز حسین ایمان انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ترجمان لاہور قلندرز کے مطابق بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے پرویز حسین کندھے کی انجری کا شکار ہوئے ہیں اور طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل طور پر اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ انجری انہیں ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے دوران آصف علی سے ٹکراؤ کے بعد لاحق ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی حالت خراب ہو گئی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایم آر آئی اسکین میں لیگامنٹ ٹیئر کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے کھلاڑی کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
قلندرز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑی کی مکمل فٹنس نہ ہونے کے باعث انہیں ایونٹ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔









