123

چین میں 'آسیب زدہ' فلیٹ ایک بار پھر نیلامی کے لیے پیش

چین کے شہر چنگڈو میں ایک ایسا فلیٹ ایک بار پھر نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے جسے مقامی طور پر ‘آسیب زدہ’ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس فلیٹ میں ماضی میں ایک شخص کی غیر فطری حالات میں موت واقع ہوئی تھی، جس کے بعد اسے پراسرار اور بدقسمت قرار دے کر مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

یہ تیسری بار ہے کہ اس فلیٹ کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل یہ دو مرتبہ فروخت کے لیے پیش کیا گیا، پہلی بار نومبر 2025 اور دوسری بار جنوری 2026 میں۔

ذرائع کے مطابق دونوں مواقع پر بولی اگرچہ لاکھوں یوان تک پہنچی، تاہم نیلامی مکمل نہ ہو سکی۔ اب تیسری بار اس کی ابتدائی بولی ایک لاکھ 66 ہزار یوان مقرر کی گئی ہے، جبکہ نیلامی 14 اپریل کو ہوگی۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ فلیٹ تقریباً 89.7 اسکوائر میٹر رقبے پر مشتمل ہے اور مکمل طور پر فرنشڈ ہے، تاہم اس کی پراسرار تاریخ کی وجہ سے خریدار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایسے واقعات جائیداد کی مارکیٹ ویلیو اور خریداروں کے اعتماد پر براہِ راست اثر ڈالتے ہیں۔