125

فیفا سیریز: پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی فتح وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے نام

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے فیفا سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی ریکارڈ ساز کامیابی کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے نام کردیا ہے۔

اپنے بیان میں محسن گیلانی نے پوری قوم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملکی قیادت امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کی بیٹیوں نے فٹبال کے میدان میں تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف کھیلوں کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ اس سے پاکستان کا مثبت تشخص بھی عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔

محسن گیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان ویمنز فٹبال کے لیے ایک نئے اور سنہری دور کا آغاز ہو چکا ہے، اور قومی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو متاثر کر رہی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین فٹبال کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکے۔

ذرائع کے مطابق اس کامیابی کے بعد ویمنز فٹبال کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے نئی حکمت عملی بھی تیار کی جا رہی ہے۔