76

ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر سمز کی رجسٹریشن، پاکستان میں 81 لاکھ نمبرز سامنے آگئے

اسلام آباد: ملک میں 81 لاکھ سے زائد موبائل سمز ایسے شناختی کارڈز پر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے شناختی کارڈز کی تجدید کرائیں، بصورت دیگر موبائل سمز، بینک اکاؤنٹس اور دیگر اہم سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق:
متوفی افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بلاک کی جا سکتی ہیں
شہری فوری طور پر ایسی سمز اپنے نام پر منتقل کروائیں
جون کے بعد تاخیر سے تجدید پر اضافی فیس اور ممکنہ جرمانہ عائد ہو سکتا ہے

نادرا کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے کی صورت میں شہری نہ صرف مالی و ڈیجیٹل سہولیات سے محروم ہو سکتے ہیں بلکہ سرکاری و فلاحی پروگراموں تک رسائی بھی محدود ہو سکتی ہے۔

نادرا ریکارڈ کے مطابق کروڑوں شناختی کارڈز اور اہم دستاویزات اس وقت ایکسپائر ہو چکی ہیں، جبکہ شہریوں کو بروقت آگاہی کے لیے ایس ایم ایس الرٹس بھی بھیجے جا رہے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دستاویزات کی بروقت تجدید کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔