کراچی: زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم اپریل کے آخر میں پاکستان پہنچے گی تاکہ پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے۔ یہ سیریز مئی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں شروع ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سیریز کی تاریخوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور جلد اعلان متوقع ہے۔ تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جس میں زمبابوے ویمن ٹیم پہلی بار شامل ہو رہی ہے۔
آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کی موجودہ سیڈنگ کے مطابق پاکستان 8 ویں اور زمبابوے 11 ویں نمبر پر ہیں۔ یہ چیمپئن شپ آئندہ سال 2029 میں ہونے والے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاتھ وے کا کردار ادا کرتی ہے۔









