اسلام آباد: معروف اداکارہ ماورا حسین نے اداکاری اور جذباتی مناظر میں رونے کے فن پر کھل کر روشنی ڈالی اور کہا کہ حقیقی جذبات اور خلوص ناظرین کے دل تک پہنچنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں ماورا حسین اپنی بہن عروہ حسین کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے اپنی اداکاری، خاندانی تعلقات اور جذباتی مناظر کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانیاں شیئر کیں۔
پروگرام کے دوران ہوسٹ نے کہا کہ ماورا حسین اپنی اداکاری، خوبصورتی، مہربانی اور خاص طور پر سکرین پر رونے کے انداز کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، جس پر ماورا نے مسکرا کر شکریہ ادا کیا۔
عروہ حسین نے بتایا کہ ماورا جذبات کو شدت سے محسوس کرتی ہیں، جس کی وجہ سے ناظرین بھی ان سے جڑ جاتے ہیں، اور بچپن میں بھی جب وہ روتی تھیں تو گھر والے فوراً مان جاتے تھے کیونکہ وہ بہت پیاری لگتی تھیں۔
ندا یاسر کے سوال پر عروہ نے کہا کہ اصل چیز خوبصورتی نہیں بلکہ سچے جذبات کا اظہار ہے جو خود بخود سکرین پر نظر آتا ہے۔
ماورا حسین نے اپنے رونے کے راز کے بارے میں کہا کہ وہ ایمانداری سے ہدایتکار کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں اور دل سے اداکاری کرنے کی کوشش کرتی ہیں، ہر پرفارمنس میں ایک خاص ’جادو‘ ہوتا ہے اور ہر سین سے پہلے دعا بھی کرتی ہیں۔
پروگرام کے دوران ماورا کی آواز کی بھی تعریف کی گئی اور ماورا نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر ایسا نہیں کرتیں بلکہ دعا کرتی ہیں کہ یہ اثر ناظرین کے دل تک پہنچتا رہے۔









