153

بنگلادیش کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلی، تمیم اقبال نئے صدر مقرر

بنگلادیشی حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق کرکٹر تمیم اقبال کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا نیا صدر مقرر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ منگل کے روز اس وقت سامنے آیا جب حکومت نے امین الاسلام کی سربراہی میں قائم بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کر دیا۔

حکومتی اقدام ایک 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کے بعد اٹھایا گیا، جس نے گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والے بی سی بی انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لیا تھا۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزارتِ کھیل کو پیش کی، جس میں انتخابات سے متعلق مختلف الزامات اور نتائج پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

37 سالہ تمیم اقبال بی سی بی کی تاریخ کے کم عمر ترین صدر بن گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وہ 11 رکنی ایڈہاک کمیٹی کی قیادت کریں گے، جس میں سابق کپتان منہاج الاسلام عابدین اور سابق کرکٹر و ٹی وی مبصر اتھر علی خان بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے سیٹ اپ کا مقصد بورڈ میں شفافیت لانا اور کرکٹ کے انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے، جبکہ تمیم اقبال کی تقرری کو بنگلادیش کرکٹ میں ایک اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔