ایران نے واضح انداز میں امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ کا دائرہ مزید پھیلا تو پورا خطہ ان کے لیے خطرناک صورتحال کا سبب بن سکتا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب محدود نہیں ہوگا بلکہ پورے خطے میں سخت اور وسیع ردعمل سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو زیر کرنے کے خواب میں مخالفین خود ایک خطرناک دلدل میں پھنس سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے کہ وہ معاہدہ کریں یا آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے کھولیں، بصورت دیگر سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی مزید بڑھی تو اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں، کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔









