97

ایڈم زیمپا نے آئی پی ایل کے طویل شیڈول پر سوال اٹھا دیا

آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زیمپا نے آئی پی ایل کے طویل دورانیے کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی وجہ سے انہوں نے اس بار پاکستان سپر لیگ کو ترجیح دی۔

لاہور میں ایک انٹرویو کے دوران زیمپا نے کہا کہ مختصر دورانیے کی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھلاڑیوں کے لیے زیادہ موزوں ہوتی ہیں، جبکہ آئی پی ایل تقریباً ڈھائی ماہ تک جاری رہتی ہے، جسے کم کیا جا سکتا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو ریلیف ملے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ اس سیزن میں آرام کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم پی ایس ایل کے مختصر شیڈول نے انہیں شرکت پر آمادہ کیا۔ زیمپا کو پہلی بار پی ایس ایل ڈرافٹ میں شامل کیا گیا جہاں کراچی کنگز نے انہیں بھاری معاوضے پر ٹیم کا حصہ بنایا۔

اپنی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ آئی پی ایل میں غیر ملکی اسپنرز، خصوصاً لیگ اسپنرز کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو دیگر لیگز میں دی جاتی ہے۔

زیمپا نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح آسٹریلیا کے لیے کھیلنا اور فٹنس برقرار رکھنا ہے تاکہ وہ آئندہ بڑے ایونٹس میں شرکت کر سکیں۔