کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے مقابلوں کے نتیجے میں 3 ملزمان ہلاک جبکہ 7 کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضلع وسطی کے علاقوں گلبرگ، عیدگاہ گراؤنڈ، جہانگیر آباد، سیکٹر 5 ایچ، نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں مختلف مقامات پر فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب ملزمان مارے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب میمن گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شہری جاں بحق ہوگیا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔









