انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین کو بولنگ سے روک دیا گیا ہے، جس کے بعد بھارتی میڈیا اور شائقین کی جانب سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کیمرون گرین کو آئی پی ایل میں 25 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے خریدا تھا، جس کے باعث وہ مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ تاہم ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں انہوں نے بولنگ نہیں کی، جس نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
میچ کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان اجنکیا رہانے سے جب اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا سے پوچھا جائے۔
بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ کیمرون گرین کو کمر کے نچلے حصے میں تکلیف کے باعث احتیاطی طور پر کچھ عرصے کے لیے بولنگ سے روکا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق فرنچائز کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیمرون گرین بھارت میں اپنے بولنگ لوڈ کو مینیج کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ 10 سے 12 دن کے اندر دوبارہ بولنگ شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ ہائی اسکورنگ میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد گرین کی عدم بولنگ مزید زیر بحث آ گئی۔









