143

بالی ووڈ اداکارہ صبا آزاد کی اچانک طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

معروف بھارتی اداکارہ صبا آزاد کو خطرناک انفیکشن کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نایاب جرثومی انفیکشن Cyclospora cayetanensis میں مبتلا ہوئی ہیں، جس کے باعث ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ صبا آزاد نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا اور ہسپتال سے اپنی تصویر بھی شیئر کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ان کے قریبی دوست ریتھک روشن ان کے ساتھ موجود ہیں اور ان کی بھرپور دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بیماری کے باعث محض دو ہفتوں میں ان کا تقریباً 4 کلوگرام وزن کم ہو چکا ہے، جو ان کے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔

صبا آزاد کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ گھر کا صاف ستھرا کھانا کھانے اور باہر کا پانی استعمال کرنے سے گریز کرتی ہیں، تاہم اس کے باوجود اس انفیکشن کا شکار ہو گئیں۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کو اچھی طرح دھو کر استعمال کریں تاکہ اس طرح کی بیماریوں سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ Cyclospora ایک جرثومی انفیکشن ہے جو عموماً آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے انسان کو متاثر کرتا ہے اور نظامِ ہاضمہ کو شدید متاثر کر سکتا ہے۔