کراچی پورٹ پر گزشتہ ایک ماہ کے دوران جہازوں کی آمد اور کارگو ہینڈلنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 کے دوران پورٹ پر آنے والے جہازوں کی تعداد میں گزشتہ ماہ اور گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا، خاص طور پر کنٹینر شپ اور ٹینکرز کی آمد میں نمایاں بہتری آئی۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق کارگو کی اقسام میں بھی تنوع سامنے آیا ہے، جن میں سیمنٹ، کلنکر، چاول، کیمیکلز اور آئل مصنوعات شامل ہیں، جو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 65 ہزار 476 میٹرک ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا، جس میں 41 ہزار 209 میٹرک ٹن برآمدی اور ایک لاکھ 24 ہزار 267 میٹرک ٹن درآمدی کارگو شامل ہے، جس سے درآمدات کا حجم زیادہ رہا۔
پورٹ حکام کے مطابق اس عرصے میں 7 جہاز لنگر انداز ہوئے جبکہ 6 جہاز روانہ ہوئے، اور کنٹینرائزڈ کارگو ایک لاکھ 10 ہزار 40 میٹرک ٹن کے ساتھ سرفہرست رہا۔









