خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں، امداد اللّٰہ اور توقیر کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن کے مطابق کارروائی شیخ اوتار کی حدود، تھانہ گومل میں کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں دہشت گردوں کا خاتمہ اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے ٹیم پر فائرنگ کی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں سے دو کلاشنکوفیں، 6 میگزین، کارتوس اور دو بینڈولیئرز برآمد ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق، ہلاک دہشت گرد متعدد سنگین حملوں میں ملوث تھے، جن میں اسلم آئی ای ڈی حملہ (جس میں 5 پولیس اہلکار شہید ہوئے)، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول روڑی میں یرغمالی، کنوڑی پتن میں پولیس وین پر حملہ، ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس موبائل پر حملہ، ججز کانوائے پر حملہ، اور پولیس اہلکار عزیز اور ریحان کے ٹارگٹ کلنگ اور اغوا شامل ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر اسپیشل ویپنز اینڈ اسٹرائیک ٹیم کے جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے، تاکہ عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔









