147

ایف آئی اے کی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی: کینیڈین پاسپورٹ چھپانے کی کوشش ناکام

ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر کی جانب سے کینیڈین پاسپورٹ چھپانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، عمرہ کے بہانے بیرون ملک جانے والے مسافر جنید علی سے سامان کی تلاشی کے دوران ایک ڈائری سے کینیڈین پاسپورٹ برآمد کیا گیا۔ مسافر نے بڑی مہارت سے پاسپورٹ کو ڈائری کے خفیہ حصے میں چھپایا تھا۔

مزید تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جنید علی نے افغان شہری ظاہر ہونے کے لیے جعلی شناختی معلومات استعمال کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔ ایف آئی اے کے مطابق ایجنٹوں نے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کے عوض جنید علی کو کینیڈا پہنچانے کا منصوبہ بنایا تھا، جس کے تحت وہ سعودی عرب پہنچ کر پاکستانی دستاویزات ضائع کرنے اور پھر کینیڈین پاسپورٹ پر کینیڈا میں داخل ہونے کی کوشش کرتا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔