وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے پنجاب سے مبینہ طور پر جسم فروشی کے لیے متحدہ عرب امارات بھیجی جانے والی 33 خواتین کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے ایچ ٹی سی کی ہدایات پر کی گئی۔ پاسپورٹ آفس صدر کے قریب دو ہوٹلوں پر چھاپے کے دوران 33 خواتین کے ساتھ انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس بھی پکڑے گئے۔
کارروائی کے دوران 29 پاسپورٹس اور دیگر متعلقہ مواد برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ خواتین کو وزٹ ویزے کے بہانے متحدہ عرب امارات بھجوانے کی کوشش کی جا رہی تھی تاکہ وہ جسم فروشی اور جنسی استحصال کے لیے استعمال کی جائیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان ضیا الحق، امتیاز علی، فرمان علی اور سکینہ بی بی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تین الگ الگ مقدمات پریوینشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ 2018 کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔









