انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ میں پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد کو سن رائزرز لیڈز نے 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 7 کروڑ 12 لاکھ پاکستانی روپے) میں سائن کر کے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔
دی ہنڈرڈ لیگ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی رجسٹریشن کرائی تھی تاہم اب تک صرف دو کھلاڑی ہی منتخب ہوئے ہیں، جن میں ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔ برمنگھم فیونکس نے اسپنر عثمان طارق کو 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 5 کروڑ 32 لاکھ روپے) میں ٹیم میں شامل کیا۔
نیلامی سے پہلے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ بھارت سے جڑے کسی گروپ کی ٹیم کسی پاکستانی کھلاڑی کو نہیں خریدے گی، لیکن سن رائزرز لیڈز نے اس بات کو غلط ثابت کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے بعد شدید تبصرے اور بحث چھڑ گئی، جبکہ کئی بھارتی صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاویا مران نے پاکستانی کھلاڑی ابرار احمد کو ٹیم میں کیوں شامل کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ابرار احمد کی شمولیت نہ صرف لیگ میں پاکستانی ٹیلنٹ کو نمایاں کرے گی بلکہ انگلینڈ میں بھی پاکستانی کرکٹرز کی قدر میں اضافہ کرے گی۔









