112

اوپن مین ہول میں گر کر ایک اور بچہ جاں بحق

اوپن مین ہول میں گر کر ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر لاہور نے فوری نوٹس لے لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے انہیں واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور ذمہ داران کے خلاف کی گئی کارروائی سے آگاہ کیا۔

حکام کے مطابق واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ایک شخص کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل رائیونڈ میں تمام مین ہولز کی فوری جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بچے کی موت پر دلی دکھ اور افسوس ہے اور ضلعی انتظامیہ لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔