58

شادی سے ایک رات قبل گھر چھوڑ دیا تھا: نامور اداکارہ کا چونکا دینے والا انکشاف

 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنول فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین نے ان کی شادی طے کر دی تھی، تاہم وہ شادی سے ایک رات قبل گھر چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انسان زندگی میں مختلف پیشے اختیار کرتا ہے اور وقت کے ساتھ اس کی ترجیحات بھی بدلتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ڈیزائنر کیا، بعد ازاں اپنا بوتیک کھولا، بیوٹیشن کے طور پر کام کیا اور سیلون بھی قائم کیا، لیکن قسمت انہیں ماڈلنگ اور پھر اداکاری کی دنیا میں لے آئی۔

کنول فاروق نے میزبان کے اصرار پر انکشاف کیا کہ ایک مرتبہ وہ واقعی شادی سے بھاگ گئی تھیں۔ ان کے مطابق گھر والے مسلسل شادی پر زور دے رہے تھے اور انہوں نے والدین کی خوشی کے لیے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے شادی کی تیاریاں بھی کیں اور شاپنگ سمیت تمام مراحل میں حصہ لیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جس دن شادی ہونا تھی، اس سے ایک رات پہلے انہوں نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ والدین کو کچھ حد تک اندازہ ہو چکا تھا، اسی لیے تقریب کو محدود رکھا گیا اور ابتدا میں صرف نکاح کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدین اس وقت خوش تھے، اس لیے انہوں نے بروقت انکار نہیں کیا کیونکہ وہ کچھ دیر کے لیے انہیں خوش دیکھنا چاہتی تھیں۔

 

اداکارہ کے اس انکشاف نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کا بیان موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔