ہیلسنکی، فن لینڈ: فن لینڈ کی معروف ٹائر کمپنی نوکیان ٹائر نے Nokian Hakkapeliitta 10 نامی انقلابی ٹائر متعارف کرایا ہے جو موسم کے مطابق خودکار طور پر ایڈجسٹ ہو سکتا ہے۔
یہ ٹائر خاص دھاتی اسٹڈز کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے جو کم درجہ حرارت پر خود بخود باہر آ جاتے ہیں تاکہ برفیلی سڑکوں پر بہتر گرفت فراہم ہو، اور درجہ حرارت بڑھنے پر واپس اندر جا کر نارمل ٹائر کی حالت اختیار کر لیتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس ٹائر کی انفرادیت اس میں ہے کہ اب موسم کے مطابق ٹائر تبدیل کرنے یا ٹائر چین استعمال کرنے کی ضرورت نہیں۔ اسٹڈز سڑک کو غیر ضروری نقصان نہیں پہنچاتے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے سڑک کے گھساؤ میں 30 فیصد کمی اور برف پر گرفت میں 10 فیصد اضافہ ممکن ہوتا ہے۔
ٹائر کی اندرونی ساخت تین تہوں پر مشتمل ہے:
سب سے اندرونی تہہ کم درجہ حرارت پر سخت ہو کر اسٹڈز کو باہر دھکیل دیتی ہے۔
زیادہ درجہ حرارت پر یہ تہہ نرم ہو جاتی ہے، اسٹڈ واپس اندر چلا جاتا ہے اور ہموار رابطہ اور بہتر ہینڈلنگ فراہم ہوتی ہے۔
اسٹڈز کا باہر آنے اور واپس جانے کا عمل اتنا تیز ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موسم یا سڑک کی حالت میں تبدیلی پر فوری مؤثر ہو جاتا ہے۔ یہ ٹائر خاص طور پر شدید سرد علاقوں میں ڈرائیورز کے لیے مفید ہے۔
نوکیان ٹائر کے مطابق یہ ٹائر 14 سے 22 انچ کے 124 مختلف سائز میں دستیاب ہوں گے، اور رواں برس کے آخر تک یورپ اور شمالی امریکہ میں مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے، جس سے کاروں اور ایس یو ویز کے مالکان کے لیے موسم کی تبدیلی کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔









