16

پشاور میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی

محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے پشاور میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی اور مربوط کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 3145 گرام آئس برآمد کی گئی۔

ایکسائز انٹیلیجنس اسکواڈ نے پیر زکوڑی پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم ساجد آفریدی کو گرفتار کر کے 670 گرام آئس برآمد کی۔ اسی طرح موٹروے جوائنٹ چیک پوسٹ پشاور پر کارروائی کے دوران محمد ابراہیم کے قبضے سے 540 گرام آئس برآمد ہوئی۔

سروس روڈ پر کی گئی ایک اور کارروائی میں خاتون منشیات اسمگلر کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 1035 گرام آئس برآمد ہوئی۔ موٹروے جوائنٹ چیک پوسٹ پر ایک اور کارروائی میں محمد عمران ولد عارف علی کو گرفتار کر کے 900 گرام آئس برآمد کی گئی۔

تمام ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ کارروائیاں پروونشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس سعود خان گنڈاپور اور ای ٹی او کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز ماجد خان کی نگرانی میں کی گئیں۔

محکمہ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔