103

شاؤمی 17 سیریز متعارف، پروفیشنل کیمرہ اور طویل بیٹری لائف کے ساتھ

چینی ٹیکنالوجی کمپنی شاؤمی نے اپنی تازہ ترین فلیگ شپ سیریز شاؤمی 17 اور شاؤمی 17 الٹرا کو عالمی منڈیوں میں متعارف کروا دیا ہے۔ یہ سیریز گزشتہ سال چین میں متعارف کرائی گئی تھی اور اب بین الاقوامی صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی، تاہم پرو ماڈل صرف چین میں محدود رہے گا۔

 

شاؤمی 17 الٹرا خاص طور پر اپنے کیمرے کی وجہ سے نمایاں ہے۔ اس میں 50 میگا پکسل کا 1 انچ ایل ایل 1050 ایل سینسر، 200 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرہ، 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 50 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ شامل ہیں۔ فون کی موٹائی 8.3 ملی میٹر ہے اور اس میں 6.9 انچ ہائپر آر جی بی ڈسپلے دی گئی ہے۔ فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے سادہ اور پرو فوٹوگرافی کٹس دستیاب ہیں، جبکہ عالمی ورژن میں 6,000 ایم اے ایچ بیٹری اور 90 واٹ وائرڈ، 50 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

شاؤمی 17 بھی ایک کمپیکٹ مگر طاقتور فون ہے، جس میں اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جن 5 پروسیسر، 6,330 ایم اے ایچ بیٹری، 6.3 انچ ایل ٹی پی او ڈسپلے اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ شامل ہیں۔ کیمرے کے لحاظ سے اس میں 50 میگا پکسل مین سینسر، 50 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس اور 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ موجود ہے۔

قیمت کے لحاظ سے شاؤمی 17 الٹرا 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج کے لیے 1,499 یورو یا 1,299 پاؤنڈ ہے، جبکہ شاؤمی 17 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے لیے 999 یورو یا 899 پاؤنڈ میں دستیاب ہوگا۔

اس کے علاوہ شاؤمی نے دیگر مصنوعات جیسے شاؤمی پیڈ 8 پرو، واچ ایس 5، ریڈمی بڈز 8 پرو اور شاؤمی ٹیگ بھی عالمی مارکیٹ میں متعارف کروا دی ہیں۔