95

ایران-اسرائیل کشیدگی کے باعث مشہور اداکارہ دبئی میں پھنس گئیں

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سبب خطے کی فضائی سرگرمیاں شدید متاثر ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں بھارتی فلم اداکارہ سونل چوہان دبئی ائیرپورٹ پر پھنس گئیں اور انہوں نے وطن واپسی کے لیے بھارتی حکومت سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے دبئی کے قریب میزائل حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس غیر یقینی صورتحال کے باعث سونل چوہان سمیت کئی افراد ائیرپورٹ پر محصور ہیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے براہِ راست رہنمائی اور تعاون کی اپیل کی، اور کہا کہ وہ تمام منسوخ شدہ پروازوں اور محدود سفری راستوں کی وجہ سے دبئی میں پھنس گئی ہیں۔

ادھر ایران کی جوابی کارروائیوں کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہو گئے ہیں۔