66

ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ایشیائی ٹیموں کی پوزیشن غیر یقینی

کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور پہلی بار کسی ایشیائی ٹیم کے ٹاپ فور سے باہر رہ جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سپر مرحلے میں اہم مقابلوں کے بعد صورتحال خاصی دلچسپ ہو چکی ہے۔ جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کی پوزیشن غیر یقینی ہو گئی ہے، اب اسے زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں کامیابی درکار ہے۔ اگر ویسٹ انڈیز جنوبی افریقا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو سیمی فائنل کی دوڑ مزید سنسنی خیز ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان بھی مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ قومی ٹیم کو اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو لازمی شکست دینا ہوگی، تاہم صرف فتح کافی نہیں ہوگی بلکہ دیگر میچز کے نتائج اور رن ریٹ بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ پلس 3.050 ہے جبکہ پاکستان کا منفی 0.461 ہے، جس کے باعث قومی ٹیم کو نہ صرف کامیابی بلکہ بڑے مارجن سے جیت کی ضرورت ہے۔ اگر نیوزی لینڈ اپنے آخری میچ میں انگلینڈ کے خلاف شکست کھا جاتا ہے تو پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات برقرار رہ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد سری لنکا ایونٹ سے باہر ہو چکا ہے، افغانستان سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہیں کر سکا جبکہ بنگلہ دیش نے احتجاجاً ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی۔ موجودہ صورتحال نے ٹورنامنٹ کو انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔