دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی Meta Platforms نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے امریکی سیمی کنڈکٹر کمپنی Advanced Micro Devices (اے ایم ڈی) کے ساتھ 100 ارب ڈالر مالیت کا تاریخی معاہدہ کر لیا ہے۔
معاہدے کے تحت میٹا نہ صرف اے ایم ڈی سے جدید ترین اے آئی چپس خریدے گی بلکہ کمپنی میں 10 فیصد حصص بھی حاصل کرے گی، جو ٹیکنالوجی کی دنیا میں اسٹریٹجک شراکت داری کی بڑی مثال قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹا اے ایم ڈی کی جدید ترین MI450 چپس اپنے ڈیٹا سینٹرز میں استعمال کرے گی، جس سے اس کے اے آئی ماڈلز، کلاؤڈ سروسز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی کارکردگی مزید تیز اور مؤثر ہو جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ کاری مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان جدید چپس کے حصول کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے۔ اس سے قبل بھی اے ایم ڈی اور OpenAI کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی نے اے ایم ڈی میں حصص حاصل کیے تھے۔
ماہرین کے مطابق میٹا اور اے ایم ڈی کے درمیان یہ معاہدہ نہ صرف اے آئی انڈسٹری بلکہ عالمی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ میں بھی بڑی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔








