86

اضافی نمک کا استعمال ترک کرنا کیوں ضروری ہے؟

چینی سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ کھانوں میں بار بار اضافی نمک ڈالنا ڈپریشن کے خطرے میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ یہ بات سائنسی جریدے نیوٹریشنل نیوروسائنس میں شائع ہونے والے مطالعے میں سامنے آئی ہے۔

تحقیق میں 15 ہزار سے زائد بالغ افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق جو افراد سب سے زیادہ اضافی نمک استعمال کرتے تھے، اُن میں ڈپریشن کا شکار ہونے کا امکان 26 فیصد زیادہ تھا۔

سائنس دانوں نے واضح نہیں کیا کہ نمک یہ اثر کیوں ڈال سکتا ہے، مگر اُن کے مطابق ضرورت سے زیادہ نمک جسم کے اس حیاتیاتی نظام کو حد سے زیادہ متحرک کر سکتا ہے جو دباؤ (اسٹریس) کے ردعمل کو کنٹرول کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں اسٹریس ہارمونز کی پیداوار بڑھ سکتی ہے۔

محققین نے یہ بھی کہا کہ زیادہ نمک کھانے سے جسم میں سوزش (انفلیمیشن) پیدا ہو سکتی ہے، جو دماغ کے اُن حصوں کو متاثر کرتی ہے جو جذباتی توازن اور کیفیات کو قابو میں رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔

مطالعے میں گوانگ ڈونگ پروونشل پیپلز ہاسپٹل کے سائنس دانوں نے لکھا کہ کھانوں میں باقاعدگی سے اضافی نمک شامل کرنے اور ڈپریشن کے خطرے کے درمیان نمایاں اور مثبت تعلق پایا گیا۔