28

یوسمائیٹ نیشنل پارک کی مشہور آبشار فروری میں سرخ و نارنجی روشنی سے جگمگا اُٹھتی ہے

کیلیفورنیا کے یوسمائیٹ نیشنل پارک کی مشہور آبشار ہر سال فروری میں ایک دلکش اور نایاب قدرتی منظر پیش کرتی ہے جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتا ہے۔

یہ آبشار تقریباً 650 میٹر بلندی سے نیچے گرتی ہے، مگر فروری کے وسط سے اختتام تک سورج غروب ہونے کے وقت پانی کی روشنی حیرت انگیز انداز میں سرخ اور نارنجی دکھائی دیتی ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پانی نہیں بلکہ آگ یا لاوا بہہ رہا ہو۔

امریکی نیشنل پارک سروس کے مطابق یہ منظر صرف مخصوص موسمی اور ماحولیاتی حالات میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ آسمان کا صاف ہونا اور آبشار میں پانی کا مناسب بہاؤ ضروری ہوتا ہے، جبکہ بادل یا دھند کی صورت میں یہ نایاب منظر نظر نہیں آتا۔

عام طور پر اس آبشار میں پانی سردیوں کے موسم میں بہتا ہے اور سورج غروب ہونے کے چند لمحوں کے لیے پیدا ہونے والا یہ بصری دھوکا قدرت کے حسین ترین مناظر میں شمار کیا جاتا ہے، جسے دیکھنے کے لیے سیاح اور فلکیات کے شوقین ہر سال یہاں آتے ہیں۔