48

برائلر مرغی کا گوشت سستا ہو گیا

شہر کی مارکیٹوں میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، تاہم تازہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت 22 روپے فی کلو سستا کر کے 446 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو جزوی ریلیف کی توقع ہے۔

مارکیٹ کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق فارم گیٹ پر زندہ برائلر مرغی 280 روپے فی کلو، تھوک ریٹ 294 روپے اور پرچون ریٹ 308 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں، مگر شہریوں کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ متعدد دکاندار سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کر کے گوشت 550 روپے فی کلو تک بیچ رہے ہیں۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورچارجنگ کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمتیں بدستور برقرار ہیں، فی درجن انڈے 236 روپے اور ایک پیٹی 6,960 روپے میں دستیاب ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی اور استحکام کے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں تاکہ روزمرہ اشیاء پر قابو پایا جا سکے۔