24

امریکا کے ٹائمز اسکوائر پر باجماعت تراویح کےخوبصورت منظر؛ ویڈیو وائرل

نیویارک کے مشہور اور مصروف علاقے ٹائمز اسکوائر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پانچویں سالانہ باجماعت نمازِ تراویح کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سینکڑوں مسلمان نماز کے دوران قرآن پاک کی تلاوت میں غرق نظر آئے، جبکہ مغرب کی نماز اور افطار کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ تقریب میں 2 ہزار ضرورت مند افراد میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا، جس نے خیرسگالی اور خدمت خلق کے جذبے کو مزید اجاگر کیا۔

اس تاریخی اجتماع میں دیگر مذاہب کے ماننے والے شہری بھی شریک ہوئے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹائمز اسکوائر کی نیون لائٹس اور ڈیجیٹل اسکرینز کے درمیان عبادت کا مناظر نہ صرف روح پرور تھے بلکہ سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو گئے، جہاں صارفین نے اسے اسلاموفوبیا کے خلاف مثبت پیغام اور رمضان کی حقیقی روح کا عملی اظہار قرار دیا۔

اس اقدام کو دنیا بھر کے مسلمانوں نے خوش آئند اور تاریخی قرار دیا، کیونکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ عبادت، خیرات اور بھائی چارے کے ذریعے عالمی شہرت یافتہ مقامات بھی امن اور ہم آہنگی کا مظہر بن سکتے ہیں۔