30

واٹس ایپ گروپس میں ہسٹری شیئرنگ فیچر متعارف

واٹس ایپ، دنیا کے سب سے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم، نے صارفین کی دیرینہ درخواست پر گروپس کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہو گیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں تمام صارفین تک پہنچ جائے گا۔

اس نئے ہسٹری شیئرنگ فیچر کی بدولت گروپ میں شامل ہونے والے نئے افراد گزشتہ 14 دنوں کے 25 سے 100 پرانے میسجز اور میڈیا فائلز دیکھ سکیں گے۔ پہلے نئے ممبرز کو پرانے میسجز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے گروپ کے دیگر افراد سے مدد لینی پڑتی تھی، مگر اب یہ فیچر آپشنل ہے اور پرانے اراکین خود نئے ممبرز کے ساتھ اہم میسجز شیئر کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر گروپ ایڈمن کے کام کو بھی آسان بنا دے گا کیونکہ انہیں میسجز مینوئلی بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ پرانے میسجز نئے ممبرز کے لیے مختلف رنگ میں ظاہر ہوں گے تاکہ وہ آسانی سے سمجھ سکیں کہ یہ پرانے پیغامات ہیں۔

گروپ ممبرز کو نوٹیفکیشن کے ذریعے مطلع کیا جائے گا کہ کس فرد نے پرانے میسجز شیئر کیے، جس سے شفافیت بھی برقرار رہے گی۔ یہ نیا فیچر خاص طور پر ان گروپس کے لیے فائدہ مند ہوگا جہاں گفتگو متحرک رہتی ہے اور نئے افراد کو پس منظر سمجھنا مشکل ہوتا ہے۔