35

اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل: تعمیراتی کمپنی کا مالک مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پشاور: اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار نجی تعمیراتی کمپنی کے مالک کو احتساب عدالت نے مزید آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت پشاور کے جج محمد ظفر خان نے کیس کی سماعت کے دوران فیصلہ سنایا۔ ملزم فاضل خان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر فہیم اور تفتیشی افسر بھی موجود تھے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ایک نجی تعمیراتی کمپنی کا مالک ہے اور اس کے پانچ مختلف نجی بینکوں میں قائم اکاؤنٹس میں بھاری رقوم کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر پانچ ارب 27 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن ریکارڈ پر آئی ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ دورانِ تفتیش ملزم کی جانب سے مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔ نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ ناگزیر ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے۔

عدالت نے نیب کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم کو مزید آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ کیس کی آئندہ سماعت مقررہ تاریخ پر ہوگی۔