24

برازیلین فٹبالر نے اسلام قبول کر لیا

برازیل کی معروف فٹبالر کاتھلین سوزا نے اسلام قبول کر کے اپنی ذاتی زندگی میں اہم قدم اٹھا لیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر شدید توجہ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 29 سالہ سوزا اس وقت سعودی عرب کے النصر ویمن فٹبال کلب کی کھلاڑی ہیں اور سینٹرل بیک کے طور پر ٹیم کی اہم رکن ہیں۔

اسلام قبول کرنے کے بعد کاتھلین سوزا نے مسجد الحرام جا کر عمرہ ادا کیا اور انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ درست راستے کی تلاش میں تھیں اور اپنی شخصیت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ النصر کلب کی انتظامیہ نے بھی ان کے اسلام قبول کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کھلاڑی کے لیے ثابت قدمی اور قلبی سکون کی دعا کی۔

سوزا برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو کے شہر ساؤ ویسینتی میں پیدا ہوئی ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران سانتوس ایف سی ویمن، یونیورسٹی آف لوئس ول اور یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا کی نمائندگی بھی کی ہے۔ اگست 2024 میں وہ دو سیزن کے معاہدے پر النصر ویمن ٹیم میں شامل ہوئیں اور حال ہی میں انہیں کلب کی جانب سے مہینے کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اسلام قبول کرنے کے فیصلے کو نہ صرف ان کی ذاتی زندگی کا اہم موڑ قرار دیا بلکہ انہیں نیک خواہشات اور دعاؤں کا بھرپور پیغام بھی دیا۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں فٹبال اور مذہبی ہم آہنگی کے شائقین کے لیے سنسنی خیز خبر بن گیا ہے۔