27

شادی کو کامیاب بنانے کا حیران کن راز کیا ہے؟

کسی خوش باش اور مطمئن شادی شدہ جوڑے کے مضبوط تعلق کے پیچھے کیا راز ہوتا ہے؟ ایک نئی امریکی تحقیق کے مطابق اس سوال کا جواب میاں بیوی کے سونے کے وقت میں چھپا ہو سکتا ہے۔

امریکا کے تحقیقی ادارے ٹالکر ریسرچ کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ شادی شدہ جوڑے جن کے سونے کے اوقات ایک جیسے یا قریب ہوتے ہیں، ان کا باہمی تعلق زیادہ مضبوط اور شادی سے اطمینان کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔

تحقیق کے لیے 2 ہزار شادی شدہ جوڑوں کے معمولات کا جائزہ لیا گیا، جس میں یہ دیکھا گیا کہ شوہر اور بیوی کے سونے کے اوقات میں کتنا فرق ہوتا ہے اور اس فرق کا ازدواجی تعلق پر کیا اثر پڑتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ ایک عام بات ہے کہ کبھی شوہر پہلے سونے چلا جاتا ہے اور کبھی بیوی، تاہم اوسطاً ہر ہفتے زیادہ تر جوڑوں کے سونے کے اوقات میں تقریباً 80 منٹ کا فرق پایا گیا۔

نتائج کے مطابق جن جوڑوں کے سونے کے لیے بستر پر جانے کے وقت میں کم فرق ہوتا ہے، وہ اپنی شادی سے زیادہ مطمئن ہوتے ہیں اور ان کا باہمی تعلق بھی مضبوط ہوتا ہے۔ ایسے جوڑوں میں جذباتی ہم آہنگی اور قربت بہتر دیکھی گئی۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ چاہے میاں بیوی دونوں رات گئے تک جاگنے کے عادی ہوں یا دونوں جلد سونا پسند کرتے ہوں، اگر ان کے سونے کے معمولات ملتے جلتے ہوں تو ازدواجی زندگی پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس کے برعکس اگر شوہر جلد سونے کا عادی ہو جبکہ بیوی رات دیر تک جاگتی رہے، یا اس کے الٹ ہو، تو اس فرق کی وجہ سے باہمی تعلق پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

محققین نے واضح کیا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ مضبوط ازدواجی تعلق صرف نیند پر ہی منحصر ہوتا ہے، کیونکہ باہمی احترام، اعتماد اور رابطہ جیسے کئی عوامل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم تحقیق کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سونے کے معمولات بھی شادی شدہ زندگی میں ایک اہم عنصر ثابت ہو سکتے ہیں۔