101

یکم رمضان کو بینک تعطیل کا اعلان، زکوٰۃ کٹوتی کے باعث عوامی لین دین بند رہے گا

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یکم رمضان المبارک کو ملک بھر میں سرکاری و نجی بینکوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق یکم رمضان 1447 ہجری کو زکوٰۃ کٹوتی کے باعث تمام بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔ اس دوران تمام کمرشل بینکوں کے ساتھ ساتھ ترقیاتی مالی ادارے اور مائیکروفنانس بینک بھی عوامی لین دین انجام نہیں دیں گے۔

ترجمان کے مطابق بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ملازمین حسبِ معمول دفاتر میں حاضر ہوں گے، تاہم عوامی لین دین کا عمل معطل رہے گا۔

دوسری جانب رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس بدھ کو پشاور میں ہوگا جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ زونل کمیٹیاں چاند کی شہادتیں جمع کرکے مرکزی کمیٹی کو ارسال کریں گی جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے رواں سال زکوٰۃ کا نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کیا گیا ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ اعلامیے کے مطابق یکم رمضان کو سیونگ بینک اکاؤنٹس اور پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اکاؤنٹس میں مقررہ حد سے زائد رقم پر زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی، اور یہ رقم اسٹیٹ بینک میں موجود سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔