آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان انتہائی اہم میچ سے قبل بارش کا خطرہ منڈلانے لگا، جس کے باعث قومی ٹیم کی سپر 8 مرحلے تک رسائی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا آخری گروپ میچ کل نمیبیا کے خلاف کھیلے گی، جو کولمبو میں شیڈول ہے۔
بھارت کے خلاف 61 رنز کی بھاری شکست کے بعد پاکستان کے لیے سپر 8 مرحلے میں جگہ بنانا انتہائی ضروری ہو چکا ہے، اور اس کے لیے نمیبیا کے خلاف فتح لازمی قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کولمبو میں شیڈول اس میچ کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے میچ کے متاثر یا منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل کولمبو میں 50 سے 60 فیصد تک بارش متوقع ہے، جبکہ موسم زیادہ تر ابر آلود رہے گا۔ اس کے علاوہ 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس وقت پاکستان گروپ اے میں 3 میچز کھیل کر 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.403 ہے جو امریکا سے بھی کم ہے۔
البتہ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی صورت میں بھی پاکستان 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
دوسری جانب اگر پاکستان کو نمیبیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تو امریکا 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لے گا، جبکہ قومی ٹیم کا ورلڈکپ سفر اختتام پذیر ہو جائے گا۔









