نیویارک: دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ WhatsApp صارفین کے لیے ایک اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت اسٹیٹس اپ ڈیٹس تک رسائی مزید تیز اور آسان بنائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی ایپ کی ٹاپ بار میں اسٹیٹس اپ ڈیٹس شامل کرنے پر کام کر رہی ہے۔ ٹاپ بار وہ حصہ ہوتا ہے جہاں صارف کا پروفائل آئیکون موجود ہوتا ہے۔ مجوزہ اپڈیٹ کے بعد صارفین اسی حصے سے براہِ راست اسٹیٹس دیکھ سکیں گے، جس سے نیویگیشن پہلے سے زیادہ سہل ہو جائے گی۔
نئے ڈیزائن کے تحت جن افراد سے آپ سب سے زیادہ چیٹ کرتے ہیں، ان کے اسٹیٹس چیٹ ٹیب میں سب سے اوپر دکھائی دیں گے۔ اس طرح صارفین کو اسٹیٹس دیکھنے کے لیے علیحدہ ٹیب میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ چیٹ اسکرین سے باہر نکلے بغیر ہی اپڈیٹس دیکھ سکیں گے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کمپنی اسٹیٹس اپڈیٹس تک فوری رسائی کے لیے مختلف ڈیزائنز اور لے آؤٹ آزما رہی ہے۔ ایک امکان یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ چیٹ اسکرین میں نیچے اسکرول کرنے پر کانٹیکٹس کے اسٹیٹس ایک الگ قطار کی صورت میں نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ یہ فیچر فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے اور ابھی تک اس کی باضابطہ لانچ کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ اپڈیٹ صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔








