33

یوٹیوب کا فیچر اپ ڈیٹ: زبان کا مسئلہ ختم، ویڈیوز اپنی زبان میں دیکھیں

یوٹیوب نے صارفین کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین کسی بھی ویڈیو کو اپنی مادری زبان میں دیکھ اور سن سکیں گے۔ یہ نئی AI پر مبنی آٹو ڈبنگ ٹیکنالوجی اب 27 مختلف زبانوں کو سپورٹ کرتی ہے، جس سے زبان کی رکاوٹ بڑی حد تک ختم ہو جائے گی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب نے اپنی آٹو ڈبنگ ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کیا ہے اور اس میں ’’Expressive Speech‘‘ نامی نئی AI ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ڈبنگ میں تخلیق کار کی آواز کا لہجہ، جذبات اور اندازِ بیان برقرار رہے، تاکہ ڈبنگ والی ویڈیوز میں وہی اصلیت اور معیار برقرار رہے جو روایتی ڈبنگ میں نہیں رہتی۔

نئے نظام میں صارفین یوٹیوب کی سیٹنگز میں جا کر اپنی پسندیدہ زبان منتخب کر سکتے ہیں۔ اگر کسی ویڈیو کا ڈب شدہ ورژن دستیاب ہو تو پلیٹ فارم خودکار طور پر منتخب زبان میں ویڈیو چلانا شروع کر دیتا ہے۔

یوٹیوب کے مطابق فی الحال انگریزی، فرانسیسی، جرمن، ہندی، انڈونیشی، اطالوی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں میں ترجمہ شدہ ویڈیوز کے لیے ’’Expressive Speech‘‘ دستیاب ہے، جبکہ کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ جلد ہی مزید زبانیں بھی اس فہرست میں شامل کی جائیں گی۔

یہ اقدام نہ صرف مواد تخلیق کرنے والوں کے لیے عالمی سطح پر ناظرین تک پہنچنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ صارفین کو بھی دنیا بھر کی ویڈیوز اپنی زبان میں سمجھنے کا نیا تجربہ دے گا۔