کراچی، سپرہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ حیدرآباد سے کراچی آنے والے ٹریک پر اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر بے قابو ہو کر وین کے اوپر الٹ گیا، جس کی زد میں ایک کار بھی آگئی اور جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
ابتدائی طور پر دو افراد کی لاشیں نکالی گئیں، تاہم ہلاکتوں کی تعداد بعد میں بڑھ کر 13 ہوگئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر نے تصدیق کی کہ آئل ٹینکر کراچی کی جانب آ رہا تھا اور حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے دلی ہمدردی اور صبر کی دعا کی۔









