امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں استحکام اسرائیل کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام خطے میں قیام امن کے امریکی ہدف کے مطابق ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت نے بھی اسرائیلی کابینہ کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی۔ برطانیہ کے بیان میں کہا گیا کہ فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنا ناقابل قبول ہے اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ یہ فیصلے فوری واپس لیے جائیں۔
ادھر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے بھی مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کے خطرناک اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حقِ خودمختاری حاصل نہیں اور یہ اقدامات فلسطینی عوام کی بے دخلی کو تیز کر رہے ہیں۔









