24

ٹک ٹاک پر نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی میں سوشل میڈیا پر نازیبا مواد پھیلانے اور خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ کارروائی کے دوران ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، جو جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے خواتین کی عزت کو نشانہ بنانے میں ملوث تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم فیک آئی ڈیز بنا کر خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز ایڈٹ کر کے وائرل کرتا تھا اور بعد ازاں واٹس ایپ اور ٹک ٹاک کے ذریعے انہیں بلیک میل کرتا تھا۔ ملزم کا مقصد خوف و ہراس پھیلا کر متاثرہ افراد کو خاموش رہنے پر مجبور کرنا تھا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون تحویل میں لے لیا گیا، جس میں موجود ڈیجیٹل مواد اور چیٹس سے اہم شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں مزید متاثرین سامنے آنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

ملزم کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال، بلیک میلنگ اور خواتین کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ کارروائی سوشل میڈیا صارفین کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔