92

بلوچستان میں کینسر کے کیسز میں خطرناک اضافہ

بلوچستان میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ رواں سال اب تک 12 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ اٹامک انرجی کینسر ہسپتال سینار کی او پی ڈی بھی 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جس سے سہولیات پر شدید دباؤ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ کم عمر بچوں اور نوجوانوں میں بھی کینسر کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، خاص طور پر چھاتی، معدہ، خوراک کی نالی اور بڑی آنت کے سرطان کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ غیر متوازن طرزِ زندگی، صنعتی فضلہ، سگریٹ نوشی اور ماحولیاتی آلودگی بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔

ماہرین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرزِ زندگی کے بغیر کینسر کے بڑھتے کیسز پر قابو پانا مشکل ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ احتیاط اور آگاہی ہی اس مہلک مرض کے خلاف سب سے مضبوط ہتھیار ہیں۔